قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں آل راؤنڈر عامر یامین سدرن پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سینٹرل پنجاب کے خلاف کھیلتے ہوئے عامر یامین نے کھل کر اپنی بیٹنگ صلاحیت کا اظہار کیا۔ وہ 67 گیندوں پر 64 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے جس میں 11 چوکے شامل تھے۔ سدرن پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں 467 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی جس میں سمیع اسلم کے *243 اور عدنان اکمل کے 113 رنز بھی شامل تھے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر یامین نے کہا کہ کھلاڑیوں کا کام پرفارم کرنا ہے اور باقی کام سلیکٹرز کا ہوتا ہے۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ اگر مستقبل میں موقع دیا گیا تو وہ اپنی پوری کوشش کریں گے کہ اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار اد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کوکابورا کی گیند استعمال کرنے کا فیصلہ بہت اچھا ہے۔