چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے آنے کے بعد سے ڈومیسٹک کرکٹ کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو بلند کرنے کے لیے خاطرخواہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایسے میں کھلاڑیوں کے کھانے بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں کی فٹنس کا خیال رکھتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ سے بریانی کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ قائد اعظم ٹرافی سمیت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی مرغن کھانوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹرز کو اب بریانی اور دیگر مرغن کھانوں کے بجائے دالیں، لوبیہ، کم مصالحے والا چکن بار بی کیو، پاستا اور سادہ ابلے چاول دیے جا رہے ہیں۔ کھانے کے لیے کھلاڑیوں کو مختلف پھل بھی دیے جائیں گے۔ چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ہی واضح کر دیا تھا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور ڈسپلن ان کے لیے اولین ترجیح ہو گی اور انہی کے کہنے پر یہ سب کیا جا رہا ہے۔