نیشنل ٹرائی اینگولر ون ڈے ویمن چیمپئن شپ کا افتتاحی میچ پی سی بی بلاسٹرز اور پی سی بی چیلنجرز کے درمیان کھیلا گیا۔ قومی ٹیم کی بیٹر کائنات حفیظ پی سی بی بلاسٹرز کی نمائندگی کر رہی ہیں اور انہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو افتتاحی میچ میں کامیابی دلائی۔
پی سی بی چیلنجرز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا مگر ابتداء سے ہی ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور مخالف ٹیم کو صرف 191 رنز کا ہدف ملا۔ ہدف کے تعاقب میں کائنات حفیظ نے 92 گیندوں پر 11 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز اسکور کیے۔
سنسنی خیز مقابلے کے بعد پی سی بی بلاسٹرز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پی سی بی بلاسٹر کی جانب سے آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے 41 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔