پاکستان کے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا آغاز ہو چکا ہے۔ سندھ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد اور محمد رضوان خیبرپختونخوا کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈر کے بعد دونوں وکٹ کیپر بیٹسمینوں کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے تو محمد رضوان کا پلڑا بھاری نظر آ رہا ہے۔ محمد رضوان نے ناردرن کے خلاف میچ میں 176 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کے پیچھے تین شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سرفراز احمد نے بلوچستان کے خلاف ناقابل شکست رہتے ہوئے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرفراز احمد نے بھی وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے تین شکار کیے۔ محمد رضوان کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سرفراز احمد کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔