مصباح الحق نے ہیڈکوچ بننے کے ساتھ ہی اپنے اہداف سیٹ کر لیے ہیں اور ان کی تکمیل کے لیے ابھی سے پلاننگ شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کر کے مصباح الحق عالمی نمبر ایک پاکستان ٹیم کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ مصباح الحق نے دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں میں جگہ دی ہے تاکہ ابھی سے اگلے سال شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری شروع کی جا سکے۔ دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا اور اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوایا تھا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کی ون ڈے ٹیم میں شمولیت تو مشکل ہے لیکن ٹی ٹوئںٹی ٹیم میں دونوں کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے کا قوی امکان ہے۔ عمر اکمل نے پاکستان کی جانب سے 82 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1,690 رنز بنا رکھے ہیں۔ احمد شہزاد بھی زیادہ پیچھے نہیں، انہوں نے 57 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 1,454 رنز اسکور کیے ہیں۔