سری لنکا کرکٹ نے دورہ پاکستان پر اب تک حتمی جواب تو نہیں دیا ہے تاہم ان کی دورہ پاکستان کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ سری لنکا کرکٹ نے رمیش رتنائکے کو پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ہیڈکوچ برقرار رکھا ہے۔ ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ میں رمیش رتنائکے کو عبوری ہیڈکوچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے عبوری ہیڈکوچ بنایا گیا تھا۔ سری لنکا کرکٹ دورہ پاکستان کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان پہلے ہی کرچکا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سری لنکا کرکٹ کو حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے سری لنکن اسکواڈ کے ویزوں کے لیے خط بھی لکھا جا چکا ہے۔ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد 25 ستمبر کو شیڈول ہے۔