انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے غیرمعینہ مدت تک بریک لے لی ہے۔ معین علی رواں سال ہونے والی ایشز سیریز کے پہلے میچ میں ایکشن میں نظر آئے تھے لیکن متاثرکن کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے انہیں سیریز کے باقی چار میچوں کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔
ایشز سیریز 2019 کے واحد میچ میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف چار رنز اسکور کیے تھے۔ معین علی کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کا سینٹرل کنٹریکٹ بھی نہیں دیا گیا جو ان کے اس فیصلے کی اہم وجہ قرار دی جا رہی ہے۔
معین علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ ہیں، اب وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ معین علی انگلینڈ کی جانب سے 60 ٹیسٹ، 101 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔