وقار یونس ہیڈکوچ کے عہدے پر تعینات تھے تو وہ عمر اکمل اور احمد شہزاد سے سخت ناراض تھے اور انہوں نے اپنی رپورٹ میں دونوں کھلاڑیوں کو پھر سے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھیجنے کی سفارش کی تھی۔ بولنگ کوچ بننے کے بعد وقار یونس نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم سے دور رکھنے کی سفارش کی خبر کو مسترد کر دیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا جائے، اس کی تصحیح کر لیں۔ وقار یونس نے کہا کہ انہوں نے بورڈ سے سفارش کی تھی کہ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میں بھیج کر ان کی تکنیک پر کام کیا جائے۔ واضح رہے کہ مصباح الحق نے ہیڈکوچ بننے کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے تھے اور اس کے بعد یہ باتیں کی گئیں کہ وقار یونس کی موجودگی میں دونوں کھلاڑیوں کی ٹیم میں موجودگی دلچسپ ہو گی۔