بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے مہندر سنگھ دھونی کو باعزت انداز میں کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا مشورہ دے دیا۔ ایم ایس دھونی کو ورلڈکپ کے بعد سے بھارتی ٹیم سے دور رکھا جا رہا ہے لیکن وہ اس کے باوجود ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کر رہے۔ میڈیا نمائندوں نے سنیل گواسکر سے سوال کیا کہ کیا دورہ بنگلہ دیش کے لیے دھونی کو منتخب کیا جانا چاہیے؟ جس کے جواب میں گواسکر نے کہا کہ نہیں! اب ہمیں آگے کی طرف دیکھنا چاہیے، کم از کم میری نظر میں تو دھونی کی ٹیم میں جگہ نہیں ہے۔ سنیل گواسکر نے کہا کہ دھونی نے بھارتی ٹیم کے لیے بہت خدمات انجام دیں مگر اب وقت آ گیا ہے کہ انہیں باعزت ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے کیونکہ بھارتی ٹیم کو ریشب پانٹ اور سنجو سیمسن کی صورت میں اچھے متبادل مل چکے ہیں۔