قائد اعظم ٹرافی کے سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے میچ میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اویس ضیاء کو نازیبا زبان استعمال کرنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اویس ضیاء کو بہالپور اسٹیڈیم میں سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں کھلاڑی کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال کے باعث لیول ٹو جرم کا مرتکب پایا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے روز اویس ضیاء جب رن آؤٹ ہوئے تو ڈریسنگ روم کی طرف جاتے ہوئے انہوں نے کریز پر موجود اپنے ساتھی کھلاڑی شہزاد ترین کے لیے نامناسب زبان کا استعمال کیا۔ آن فیلڈ امپائرز امتیاز اقبال اور عبدالمقیت نے اویس ضیاء کو پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔ قائد اعظم ٹرافی میں میچ فیس کا جرمانہ بھگتنے والے اویس ضیاء اب تک تیسرے کرکٹر ہیں۔