پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کئی قومی کرکٹرز کے لیے یادگار ہو گی کیونکہ وہ پہلی مرتبہ ہوم گراؤنڈر پر ون ڈے سیریز کھیلیں گے۔ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سولہ کھلاڑیوں میں سے 12 نے ہوم گراونڈ پر کبھی ون ڈے میچ نہیں کھیلا۔ ان کھلاڑیوں میں عابد علی، آصف علی، فخر زمان، محمد حسنین، افتخار احمد، عماد وسم، امام الحق، محمد عامر، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔ سرفراز احمد، بابر اعظم، وہاب ریاض اور حارث سہیل ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔