پہلے راؤنڈ کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی خیبرپختونخوا کرکٹ ٹیم یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں مشکلات کا شکار ہے اور اس کی بڑی وجہ نوجوان عمیر بن یوسف ہیں جنہوں سندھ کے لیے بڑی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنائی۔ عمیر بن یوسف اور فواد عالم کی سنچریوں کی بدولت سندھ نے 476 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی۔ عمیر بن یوسف اور کپتان اسد شفیق نے میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو اسد شفیق 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمیر بن یوسف نے 174 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 18 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ نوجوان بیٹسمین 470 منٹ کریز پر موجود رہے۔ عمیر یوسف سے پہلے زیادہ تر سنچریاں سینئیر پلئیرز نے اسکور کی تھیں۔ ان کے آوٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے میر حمزہ کے ہمراہ 10ویں وکٹ کے لیے 108 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔