قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے تیسرے روز کا کھیل جاری ہے۔ ٹورنامنٹ میں بیٹسمین اب بھی حاوی ہیں اور بولرز کی کوئی خاص پرفارمنس نظر نہیں آ رہی۔ ایسے میں کئی سنچریوں کے بعد دو بولرز ایک اننگز میں پانچ کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے عادل امین نے سندھ کے خلاف کراچی کے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں زبردست پرفارمنس دیتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی لیکن دیگر بولرز ان کا ساتھ نہ دے سکے اور سندھ کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔
سدرن پنجاب کی نمائندگی کرنے والے لیفٹ آرم اسپنر محمد عرفان عرف جیلر نے بلوچستان کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان نے پہلے راؤنڈ میں بھی 4 وکٹیں حاصل کی تھیں اور آہستہ آہستہ وہ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔