بھارت اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پروٹیاز کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کے سامنے بھارتی بولرز کی ایک نہ چلی۔ ساؤتھ افریقہ نے میچ میں نو وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی اور سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کوہلی الیون مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 134 رنز ہی بنا سکی۔ اوپننگ بیٹسمین شیکھر دھون 36 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ ہدف کے تعاقب میں کوئنٹن ڈی کوک نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ انہوں نے چھکے اور چوکے لگا کر حریف ٹیم کے بولرز کے ہاتھ پاؤں پھلا دیے۔ کوئنٹن ڈی کوک 52 گیندوں پر 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جس میں چھ چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ ان کی اس شاندار اننگز کی بدولت ساؤتھ افریقہ کو نو وکٹوں سے فتح ملی۔