بھارتی کرکٹ بورڈ کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے چیف ونود رائے نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اس حق میں نہیں ہیں کہ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کو تنہا کر دیا جائے۔ ونود رائے نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کے حوالے سے حکومت کی ایک پالیسی ہے جس کے مطابق ہم ایک دوسرے کے ہوم گراؤنڈ پر نہیں کھیل سکتے لیکن نیوٹرل مقام پر سیریز کھیلی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ذہن میں ایک بات واضح ہے کہ نیوٹرل وینیو پر ہم ہر ملک کے ساتھ کھیلیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز کا انعقاد طویل عرصے سے نہیں ہو رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 13-2012 میں کھیلی گئی تھی جبکہ آخری ٹیسٹ سیریز کا انعقاد 08-2007 میں ہوا تھا البتہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی اور ایشیائی ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیلتی رہتی ہیں۔