لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کے کیریئر میں اہم کردار ادا کرنے والے اور بھارت کے سابق ٹیسٹ اوپنر مادھو آپٹے زندگی کی 86 بہاریں دیکھنے کے بعد ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں وفات پا گئے۔ مادھو آپٹے کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔
مادھو آپٹے نے بھارت کی جانب سے صرف سات ٹیسٹ میچز میں حصہ لیا جس میں انہوں نے 49.27 کی اوسط سے 542 رنز بنائے۔ وہ ٹیسٹ کیریئر میں تین نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔
مادھو آپٹے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سچن ٹنڈولکر نے ٹویٹر کا سہارا لیا۔ سچن ٹنڈولکر نے پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ میری سر آپٹے سے بہت سی یادیں وابستہ ہیں، میں نے چودہ سال کی عمر میں شیوا جی پارک میں مادھو آپٹے کے ساتھ کرکٹ کھیلی تھی۔
سچن ٹنڈولکر نے مزید کہا کہ وہ میرے ہمیشہ سے ہی سپورٹر رہے۔ سچن ٹنڈولکر کے علاوہ کرکٹ سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے بھی مادھو آپٹے کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔