پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان لانے کا ہدف بنا لیا ہے۔ اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں وسیم خان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم باہمی سیریز کے لیے پاکستان آ رہی ہے، ہم نے ان کو پاکستان آنے کے کوئی اضافی پیسے نہیں دیے اور اب ہمارا اگلا ہدف بنگلہ دیش ٹیم کو پاکستان لانا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ اب تمام ہوم سیریز پاکستان میں کھیلنا چاہتے ہیں یو اے ای میں نہیں کیونکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہدف ہے۔ کپتان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سرفراز کو اس وقت پی سی بی کی مکمل حمایت حاصل ہے لیکن مستقبل کے فیصلے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کریں گے۔ وسیم خان نے واضح کیا کہ سرفراز احمد اب بھی ٹیسٹ کے کپتان ہیں۔