پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا تو اس میں سخت شرائط بھی شامل کی گئیں جس پر کھلاڑی پریشان تھے لیکن پی سی بی نے کچھ نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کنٹریکٹ کی شق میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی سی بی نے گزشتہ ہفتے ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ پیش کیے تھے۔ کنٹریکٹ کی ایک شق میں لکھا تھا کہ کرکٹرز کسی جگہ کام نہیں کر سکیں گے۔ کنٹریکٹ کی اس شق کی وجہ سے کرکٹرز پریشان اور کنٹریکٹ پر دستخط نہ کرنے کا سوچ رہے تھے۔ پی سی بی نے کنٹریکٹ کی شق میں ترمیم کر کے کنٹریکٹ دوبارہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیپارٹمنٹ کرکٹ ختم ہونے کے باوجود کئی کھلاڑی ڈیپارٹمنٹ سے منسلک ہیں اور تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔