انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی پر وارننگ دی ہے جبکہ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا ہے۔
ساؤتھ افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بیٹنگ کے دوران ویرات کوہلی نے بیورون ہنڈریکس سے جان بوجھ کر کندھا ٹکرایا جس پر انہیں وارننگ دی گئی۔
ویرات کوہلی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو قبول کر لیا جس کے بعد اب سماعت کی ضرورت نہیں رہی۔ ویرات کوہلی اس سے پہلے بھی دو مرتبہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر چکے ہیں اور اب ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی اور بیورون ہنڈریکس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 2 وکٹیں لی تھیں۔