قائد اعظم ٹرافی کے رواں سیزن میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرنے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر ظفر گوہر ٹیم کی پہلی کامیابی پر بہت خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ ظفر گوہر کی خوشی کی اہم وجہ ٹیم کی کامیابی میں ان کا مرکزی کردار تھا۔ انہوں نے ناردرن ٹیم کے خلاف مجموعی طور پر سات شکار کیے۔
ظفر گوہر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ سینٹرل پنجاب کو کامیابی مل گئی، ٹیم کی فتح میں اپنا کردار ادا کرنے پر بہت خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سات وکٹیں حاصل کیں اور میں اپنے ایکشن کی مدد سے بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
ظفر گوہر نے مزید کہا کہ میں اپنی اسکلز پر بہت محنت کر رہا ہوں اور اس وقت بہت خوشی ہوتی ہے جب آپ کی محنت رنگ لے آئے۔ ظفر گوہر نے میچ کی پہلی اننگز میں 36 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ دوسری اننگز میں 87 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔