آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹسمین ایرون فنچ نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کو اپنا ہدف بنا لیا ہے اور اس کے لیے وہ وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو ویڈ سے متاثر نظر آ رہے ہیں جنہوں نے گزشتہ فرسٹ کلاس سیزن میں شاندار کارکردگی دکھا کر انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے لیے اسکواڈ میں جگہ بنائی اور بعد میں دو سنچریاں اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 19-2018 میں بھارت کے خلاف ہونے والی ہوم ٹیسٹ سیریز میں ایرون فنچ نے اتنہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچوں میں 16.16 کی اوسط سے صرف 97 رنز اسکور کیے تھے جس وجہ سے انہیں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کیا گیا۔ ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ فرسٹ کلاس سیزن میں وکٹوریا کی جانب سے کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ کے طویل فارمیٹ میں اوپننگ بیٹسمین کے طور پر نہیں بلکہ مڈل آرڈر بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلنا چاہتے ہیں۔