گزشتہ روز پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے سب سے زیادہ آزاد کشمیر متاثر ہوا۔ جانی و مالی نقصان پر قومی کرکٹرز نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ افسوسناک حادثے میں جن کا نقصان ہوا ہے ان کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کی دعائیں اس حادثے میں اپنی جانیں گنوانے والے اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کو اللہ تعالی اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ زلزلے کی خبر بہت افسوسناک ہے، ان کی دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہے جن کا ان حادثے میں نقصان ہوا۔ فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں افسوس کا اظہار کیا۔