پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پاکستان سپر لیگ فائیو میں بڑے کھلاڑی پاکستان لانے کا دعویٰ کر دیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں وسیم خان نے دعویٰ کیا کہ پی ایس ایل فائیو میں دنیا کے بڑے اور بہترین کھلاڑی پاکستان آ کر کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پی ایس ایل پاکستان میں کرائیں گے، بڑے کھلاڑیوں کی آمد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں مزید ہموار ہوں گی کیونکہ ہم نے نیوٹرل میدانوں کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کو اگلے سال مارچ-اپریل میں دوبارہ بلانے پر بات چیت جاری ہے، سری لنکن کھلاڑیوں پر بھارتی بورڈ کے دباؤ کا علم نہیں ہے۔ وسیم خان نے مزید کہا کہ بھارتی بورڈ سے اچھے تعلقات ہیں تاہم مسئلہ ان کی حکومت کی طرف سے ہے، بھارت کے خلاف دنیا میں کہیں بھی کھیل سکتے ہیں۔