Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو سرفراز احمد کا متبادل تصور کیا جاتا ہے لیکن چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق نے واضح کیا ہے کہ دونوں کھلاڑی ایک ٹیم میں بھی کھیل سکتے ہیں جس کی وجہ ماضی قریب میں محمد رضوان کی شاندار کارکردگی ہے۔
رواں سال آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں محمد رضوان نے دو سنچریاں اسکور کر کے سب کی توجہ حاصل کی تھی۔ وہ پانچ میچوں کی سیریز میں 57.75 کی اوسط سے 231 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
اس شاندار کارکردگی کے باوجود وہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور ورلڈکپ نہیں کھیل سکے تھے لیکن ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ان کو ٹیم میں واپس طلب کیا گیا ہے۔
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ تین سال سے قومی ٹیم سے منسلک ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ موقع ملنے پر میں ہمیشہ اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں چاہے وہ ڈومیسٹک ایونٹ ہو یا انٹرنیشنل۔
انہوں نے کہا کہ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے سیکھ رہا ہوں، ہم دونوں اپنی بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کرتے ہیں جس سے پاکستان کو کامیابی ملے۔