سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پانچ کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی جن میں اوپننگ بیٹسمین عابد علی، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، آل راؤنڈر محمد نواز، آل راؤنڈر افتخار احمد اور فاسٹ بولر عثمان خان شنواری شامل ہیں۔ عثمان خان شنواری زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود دورہ انگلینڈ اور ورلڈکپ سے باہر ہو گئے تھے۔ عثمان خان شنواری کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کو موقع دیا گیا تھا لیکن وہ ورلڈکپ کا ایک میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ سری لنکا کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے عثمان شنواری کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے سری لنکا کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مہمان ٹیم کے خلاف بہترین کھیل پیش کریں گے۔ عثمان شنواری کا کہنا تھا کہ وہ سری لنکا کے خلاف اسی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے جو آخری مرتبہ 2017 میں دکھائی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2017 میں ون ڈے سیریز کھیلی گئی تھی جس میں انہوں نے دو میچز کھیل کر 6 شکار کیے تھے۔ فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ میں اللہ کا شکرگزار ہوں کہ ہوم سیریز میں کم بیک ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز بہت زبردست ہونے جا رہی ہے اور وہ کراچی میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔