پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اکثر فٹنس مسائل کا شکار رہتے ہیں جس وجہ سے ان کی کارکردگی خاص طور پر فیلڈنگ بہت متاثر ہوتی ہے۔ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ کا عہدہ سمبھالتے ہی اس پر قابو پانے کی حکمت عملی بنانا شروع کر دی ہے۔ پاکستان ٹیم نے سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز کے بعد آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے اور ہیڈکوچ نے فٹنس کے حوالے سے قومی کرکٹرز کو ہدف دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی کرکٹرز کو اب یویو ٹیسٹ 18 سے زائد پوائنٹس کے ساتھ کلیئر کرنا ہو گا۔ اس سے قبل یویو ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے قومی کرکٹرز کو 17.4 پوائنٹس درکار ہوتے تھے۔ پاکستانی کرکٹ کے ناقدین کا ماننا ہے کہ قومی کرکٹرز کیلئے یویو ٹیسٹ کا نیا ہدف بہت مشکل ہے۔ فٹنس ٹیسٹ میں کھلاڑی پانچ راؤنڈ لگانے کیلئے 9 منٹ کا وقت لیتے تھے لیکن اب ڈھائی راؤنڈ لگانے کیلئے زیادہ سے زیادہ 3 منٹ 30 سیکنڈز کا وقت دیا جائے گا۔