بھارتی کرکٹ ٹیم کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل اس وقت بڑا دھچکا لگا جب فاسٹ بولر جسپریت بمراہ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے۔ ان کی جگہ امیش یادیو کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بمراہ کو کمر کے نچلے حصے میں معمولی سٹریس فریکچر ہوا ہے جس وجہ سے وہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف سیریز سے باہر ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے جسپریت بمراہ کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ فاسٹ بولر نے کہا کہ انجریز کھیل کا لازمی حصہ ہیں اور میں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میری صحتیابی کے لیے دعائیں کیں۔ جسپریت بمراہ نے مزید کہا کہ میں اپنی انجری کے لیے پریشان نہیں بلکہ فٹ ہو کر جلد واپسی کے لیے پرامید ہوں۔