پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ مجھ میں ہمیشہ پرفارم کرنے کی لگن ہوتی ہے جبکہ تنقید کے نتیجے میں یہ مزید بڑھ جاتی ہے۔ امام الحق نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید پر کہا کہ میرا نہیں خیال کہ یہ کبھی ختم ہو گی، مجھے لگتا ہے لوگ کبھی مجھے قبول نہیں کریں گے۔ اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ جب میں پچ پر جاتا ہوں تو میرے دماغ میں بہت چیزیں ہوتی ہیں، میں بہت جارحانہ کھلاڑی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان ہارتا ہے تو میں بہت روتا ہوں، اگر لوگ بابر اعظم، یاسر شاہ اور محمد عامر پر تنقید کرتے ہیں تو مجھے دکھ ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ لوگ ہمیں پیار کرتے ہیں، جب ہم جیتتے تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں لیکن ہمیں یہ سمجھنا ہو گا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل ہے جنگ نہیں۔ امام الحق نے کہا کہ میں پاکستانی لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں ان سے پیار کرتا ہوں۔