پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کی پری کانفرنس کے دوران سرفراز احمد سے سوال ہوا تھا کہ تین دن بارش کی وجہ سے گراؤنڈ کافی گیلا لگ رہا ہے اور پچ کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ قومی ٹیم کے کپتان نے جواب دیا کہ جہاں تک پچ کی بات ہے تو وہ ہم نے ابھی دیکھی نہیں ہے لیکن مجھے پتا ہے نیشنل اسٹیڈیم میں کس طرح کی پچز بنتی ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ جہاں تک بارش کی بات ہے تو جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے۔ ان کی اس بات پر پریس کانفرنس میں بیٹھے ہوئے تمام صحافیوں نے قہقہلے لگانا شروع کر دیے اور سرفراز احمد خود بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔ یاد رہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ہونے والی بارشوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے اور جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے جس وجہ سے ان کا سوشل میڈیا پر خوب مذاق اڑایا گیا تھا۔