شعیب ملک کی ٹیم گیانا ایمازون وارئیرز کیریبین پریمیر لیگ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اپنے ساتوں میچز جیت کر 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔ گیانا ایمازون وارئیرز نے ساتویں کامیابی سینٹ لوشیا زوکس کے خلاف حاصل کی۔ سینٹ لوشیا نے پہلے کھیلتے ہوئے بیس اوورز میں 7 وکٹوں پر 161 رنز بنائے۔
جواب میں گیانا ایمازون وارئیرز نے 19ویں اوور میں ہی مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ برینڈن کنگ نے 59 گیندوں پر 81 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ شعیب ملک نے بھی آخر میں 28 گیندوں پر ناقابل شکست 30 رنز بنائے۔
ساتویں کامیابی پر کپتان شعیب ملک نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ہر میچ کے لحاظ سے آگے بڑھ رہے ہیں، گزشتہ جیت یا ہار کی پرواہ نہیں اور اب ہم اگلے میچ کی تیاری کریں گے۔