فاسٹ بولر ثاقب محمود کو نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلش اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ثاقب محمود نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال سوشل میڈیا پر انہیں دہشت گرد کہا گیا تھا۔ فاسٹ بولر نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال انگلینڈ لائنز کی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا تھا، اس ٹور میں ان کا نام بھی اسکواڈ میں شامل تھا لیکن ویزا وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے وہ بھارت نہیں جا سکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر لوگوں نے مجھے دہشت گرد کہا، میرے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا جیسے میں بھارت کرکٹ کھیلنے نہیں بلکہ کسی اور کام کے لیے جا رہا ہوں، اس کے علاوہ اور بھی کئی الگ الگ طرح سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ 22 سالہ فاسٹ بولر کا کہنا ہے وہ یہ سب بھلا چکے ہیں اور اب مستقبل پر نظریں مرکوز کیے ہوئے ہیں۔