وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دھواں دھار تقریر کی اور کشمیر میں بھارتی مظالم سے پردہ اٹھایا۔ عمران خان کی زبردست تقریر پر کرکٹرز نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ محمد حفیظ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک بہترین لیڈر ہیں، وہ مضبوط اور بے خوف ہیں۔
پروفیسر نے کہا کہ انہیں پاکستانی اور مسلمان کی حیثیت سے فخر ہے کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں۔ وہاب ریاض نے سوال اٹھایا کہ عالمی برادری 1.2 بلین کی مارکیٹ کے پیچھے جائے گی یا انصاف کا ساتھ دے گی؟ انہوں نے کہا کہ میں آج ایک با فخر پاکستانی ہوں جس کے لیڈر نے عالمی فورم پر آواز اٹھائی۔
وسیم اکرم نے کہا کہ دنیا میں ایک بہترین آواز نے پاکستان کی نمائندگی کی، اب دنیا دیکھ سکتی ہے کہ ہم کیا ہیں اور کس چیز کے لیے کھڑے ہیں۔ رمیز راجہ نے بھی عمران خان کی تعریف کی جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی عمران خان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔