بھارتی اسپنرز کلدیپ یادیو اور یزوندر چہال کو ورلڈکپ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بری پرفارمنس کے باعث آرام کی غرض سے ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہیں کیا گیا تھا مگر سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی نے بھارتی سلیکشن کمیٹی کے فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔
سورو گنگولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کلدیپ یادیو اور یزوندر چہال کی ٹیم میں عدم شمولیت وقتی ہے کیونکہ بھارتی ٹیم کے لیے بہت ضروری ہے کہ دونوں اسپنرز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 میں حصہ لیں۔
سابق بھارتی کپتان نے ویرات کوہلی کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم اچھی ضرور ہے مگر کوہلی کو چہال اور کلدیپ کو ٹیم میں شامل کرنا چاہیے۔
سورو گنگولی نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں ماضی قریب میں دونوں بولرز کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی مگر یہ کھیل میں ہوتا رہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بحیثیت بیٹسمین ویرات کوہلی کا کردار بہت اہم ہو گا۔