قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز اسپنر سعید اجمل نے پاکستانی شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مہمان ٹیم سری لنکا کو بھی سپورٹ کریں۔ سعید اجمل نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے بہت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے کامیاب دورے کے بعد ہم اس پوزیشن میں آ جائیں گے کہ دوسری ٹیموں کو بھی پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے رضامند کر سکیں۔ سعید اجمل نے مزید کہا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں اور قومی کرکٹرز کو پاکستانی سرزمین پر کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ سابق اسپنر کا کہنا تھا کہ سری لنکا کا پاکستان آنا ہمارے لیے خوش آئند ہے اور امید ہے سیریز کے بعد بھی پاکستان مسلسل انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کرتا رہے گا۔