پاکستان کرکٹ ٹیم کو اگلے سال انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے لیکن اس سے قبل قومی ٹیم نیدرلینڈز اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی سیریز کھیلے گی۔ ذرائع کے مطابق ان دو سیریز کے حوالے سے معاملات طے پا چکے ہیں جس کا حتمی اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق پاکستان کو آئندہ سال جولائی اور اگست میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے اس لیے نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلنے کا مناسب وقت بھی یہی ہے۔ نیدرلینڈز کے خلاف تین ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد قومی ٹیم آئرلینڈ کے ساتھ دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی اور دونوں سیریز جولائی 2020 میں کھیلی جائیں گی۔ اس کے بعد انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ 30 جولائی، دوسرا ٹیسٹ 7 اگست اور تیسرا ٹیسٹ 20 اگست سے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز 29 اور 31 اگست اور یکم ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔