پاکستان کے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس وجہ سے ٹی ٹین لیگ کی فرنچائز دکن گلیڈی ایٹرز نے انہیں آئندہ ایڈیشن کے لیے ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کر دیا ہے۔ دکن گلیڈی ایٹرز نے ان کی تقرری کا اعلان ٹویٹر پر کرتے ہوئے لکھا کہ 1992 کا ورلڈکپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے رکن مشتاق احمد تیسرے سیزن میں ہمارے ہیڈکوچ ہوں گے۔
دکن گلیڈی ایٹرز نے امید ظاہر کی کہ مشتاق احمد انہیں پہلا ٹائٹل جتوانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس وقت مشاق احمد ویسٹ انڈیز کے اسپن بولنگ جبکہ انگلش کاؤنٹی کی ٹیم ہیمپشائر کے بولنگ کنسلٹنٹ ہیں۔
اس سے قبل وہ انگلینڈ کے اسپن بولنگ کوچ اور آئی پی ایل کی فرنچائز دہلی ڈیئرڈیولز کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ مشتاق احمد نے یہ معاہدہ ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ وہ اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے کیلئے پرعزم ہیں۔