عثمان خان شنواری نے چھ ماہ بعد قومی ٹیم میں واپسی کرتے ہوئے سری لنکا کیخلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر فاسٹ بولر نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔
عثمان شنواری کی شاندار کارکردگی کی بدولت ایک ریکارڈ پر ان کا نام درج ہو گیا۔ فاسٹ بولر پاکستان کی جانب سے 16 ایک روزہ میچوں کے بعد سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
انہوں نے 16 ایک روزہ میچوں میں 33 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ عثمان شنواری سے قبل مرحوم عبدالقادر 16 میچوں کے بعد پاکستان کی جانب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔
انہوں نے اپنے ابتدائی 16 میچوں میں 30 شکار کیے تھے۔ عثمان شنواری نے دوسری مرتبہ سری لنکا کے خلاف 5 وکٹیں لی ہیں۔ اس سے قبل یو اے ای میں انہوں نے اپنے ڈیبیو پر 5 شکار کیے تھے۔