قومی ٹیم کے نائب کپتان بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ ریکارڈ پر ریکارڈ بنا رہے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی گیارہویں سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 71 اننگز میں اپنی 11 سنچریاں مکمل کی ہیں اور اسی کے ساتھ وہ گزشتہ تین سال میں بین الاقوامی سطح پر ایک روزہ کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے والے تیسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ پچھلے تین برسوں میں ویرات کوہلی نے 67 اننگز میں سب سے زیادہ 18 سنچریاں بنائی ہیں اور 69 اننگز میں 17 سنچریوں کے ساتھ روہت شرما دوسرے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ بابر اعظم 56 اننگز میں 11 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ویرات کوہلی کے ون ڈے کیریئر کی ابتدائی 71 اننگز کا بابر اعظم سے موازنہ کریں تو ویرات کوہلی نے 71 اننگز میں 46.88 کی اوسط سے 2860 رنز بنائے تھے جس میں 18 نصف سنچریاں اور 8 سنچریاں شامل تھی جبکہ بابر اعظم نے اب تک 71 اننگز میں 54.55 کی اوسط سے 3,328 رنز بنائے ہیں جس میں 15 نصف سنچریاں اور 11 سنچریاں شامل ہیں۔