ایک روزہ کرکٹ میں اگر ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بہترین بیٹسمین کا ذکر ہو تو سب سے پہلا نام ویرات کوہلی کا ذہن میں آتا ہے لیکن بابر اعظم بھی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کیلئے بہت مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم کے اعدادوشمار دیکھے جائیں تو جن 20 ایک روزہ میچوں میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف کامیابی سے حاصل کیا ان میچز میں بابر اعظم کی بیٹنگ اوسط 67.16 ہے جو کہ ویرات کوہلی اور جو روٹ کے بعد سب سے بہترین ہے۔ ان 20 میچوں میں بابر اعظم نے 806 رنز اسکور کیے جس میں 3 نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل ہے۔ ویرات کوہلی کو ہدف کا تعاقب کرنے کا ماسٹر کہا جاتا ہے۔ ویرات کوہلی نے 84 میچوں میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 96.55 کی اوسط سے 5,214 رنز بنائے ہیں جس میں بھارتی ٹیم کو کامیابی بھی ملی ہے۔ اس فہرست میں رنز کے اعتباد سے جو روٹ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے، اسٹیو اسمتھ چوتھے اور بابر اعظم پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔