کراچی میں دس سال بعد ون ڈے کرکٹ کی واپسی ہوئی اور پاکستان کو سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-2 سے کامیابی حاصل ہوئی۔ تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے فخر زمان (76)، عابد علی (74)، اور حارث سہیل (56) کی نصف سنچریوں کی بدولت 298 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ اگر مجموعی طور پر بات کی جائے تو گزشتہ تین برسوں میں یہ سب سے بڑا ہدف تھا جس کو عبور کرنے میں پاکستان کامیاب ہوا۔ ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ 5، دوسرا 7 اور تیسرا 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔