پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بطور بیٹسمین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں جس کے باعث شائقین کرکٹ ہوں یا پھر سابق کرکٹرز سب ہی ان پر تنقید کر رہے ہیں۔ کوئی انہیں کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دے رہا ہے تو کوئی انہیں بیٹنگ پوزیشن تبدیل کرنے کی رائے دے رہا ہے۔ سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کا پرفارم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد ٹیم کے اہم رکن ہیں لیکن اگر کارکردگی دکھائیں گے تو ہی ٹیم میں رہیں گے۔ سابق کپتان نے کہا کہ انہیں صرف وکٹیں کے پیچھے ہی اچھی کارکردگی نہیں دکھانی بلکہ وکٹوں کے آگے بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ راشد لطیف نے مزید کہا کہ سرفراز احمد فیلڈ پر دباؤ کا شکار نظر آ رہے ہیں اگر وہ رنز اسکور کریں گے تو ان پر دباؤ بھی نہیں ہو گا۔