بھارت اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہو چکا ہے۔ بھارت نے سات وکٹوں کے نقصان پر 502 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کی۔ ماینک اگروال 215 اور روہت شرما 176 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی صرف 20 رنز بنا سکے۔ ویرات کوہلی 79 ٹیسٹ میچوں کی 135 اننگز میں 53.14 کی اوسط سے 6,749 رنز اسکور کر چکے ہیں جس میں 25 سنچریاں اور 22 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کو ٹیسٹ کرکٹ میں سات ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 251 رنز درکار ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں جو کھلاڑی اپنے سات ہزار رنز مکمل کرنے کے قریب ہیں ان میں نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر (6,839)، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ (6,973) اور ڈیوڈ وارنر (6,458) بھی شامل ہیں۔