بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا ٹیموں اور پلئیرز کی ناکامی کا ذمہ دار بیگمات کو ٹھہرانے پر بھڑک اٹھیں۔ بھارت میں ایک تقریب کے دوران ثانیہ مرزا سے سوال ہوا کہ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی شکست کا ذمہ دار آپ کو قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ آپ ورلڈکپ میں شعیب ملک کے ساتھ موجود تھیں۔ ثانیہ مرزا نے سوال اٹھایا کہ کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار ان کی بیوی یا گرل فرینڈز کو کیوں قرار دیا جاتا ہے، ویرات کوہلی جب جلدی آؤٹ ہوں تو انوشکا شرما پر تنقید شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیویوں اور گرل فرینڈز پر یہ کہہ کر ساتھ رہنے پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے کہ ان کی وجہ سے کھلاڑیوں کی توجہ کرکٹ سے ہٹ جاتی ہے جو سراسر غلط سوچ ہے۔ ٹینس اسٹار نے کہا کہ بیویاں توجہ ہٹانے کے بجائے پلئیرز کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہیں۔