قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو کئی سابق کرکٹرز کی جانب سے ان کے فیصلے پر تنقید کی گئی۔ محمد عامر کے بعد فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بھی غیرمعینہ مدت کے لیے کرکٹ کے طویل فارمیٹ سے بریک لینے کا اعلان کر دیا جس کے بعد سابق کرکٹرز کو مزید تشویش ہونے لگی۔ مایہ ناز سابق بیٹسمین اور کپتان محمد یوسف نے کرکٹرز کے رویے کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تجویز دی ہے کہ جو کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے انہیں ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کے لیے این او سی جاری مت کیا جائے۔ محمد عامر نے جب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اس وقت وہ انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلنے میں مصروف تھے جبکہ وہاب ریاض نے کیریبین پریمیر لیگ کے لیے این او اسی ملنے کے باوجود ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی۔