دوسری اننگز میں محمد شامی اور رویندر جدیجا کی شاندار بولنگ کے باعث بھارت نے ساؤتھ افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 203 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ وشکاپٹنم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بھارتی بولرز نے بازی پلٹ دی۔
دوسری اننگز میں محمد شامی نے پانچ جبکہ رویندر جدیجا نے چار شکار کیے۔ بھارت کی جانب سے دیئے گئے 392 کے ہدف میں ساؤتھ افریقی ٹیم صرف 191 رنز بنا سکی۔ پروٹیاز کے پانچ بیٹسمین ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں رنز کے انبار لگانے والے بھارتی اوپنر روہت شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ فتح کے بعد بھارتی ٹیم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔
بھارتی ٹیم 160 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ساٹھ، ساٹھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔