عمر اکمل نے سری لنکا کے پہلے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹیم میں کم بیک کیا لیکن بدقسمتی سے وہ پہلی گیند پر ہی آؤٹ ہو گئے۔ عمر اکمل نے قومی ٹیم کی جانب سے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ستمبر 2016 میں کھیلا تھا۔ تقریباً تین سال بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی پر ناکام ہونے کے بعد عمر اکمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ شائقین کرکٹ اور سابق کرکٹرز نے ٹیم سمیت عمر اکمل کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان کی بیٹنگ پوزیشن پر بھی تنقید کی لیکن عمر اکمل کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں نمبر تین پر کھیلتے ہوئے سب سے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ عمر اکمل نے تیسری پوزیشن پر چھ میچز کھیلے ہیں اور 43.75 کی اوسط سے 175 رنز اسکور کیے ہیں جس میں ان کی 2 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے نمبر چار پر 25.76 کی اوسط سے 644 رنز بنائے ہیں اور نمبر پانچ پر بیٹنگ کرتے ہوئے 26.90 کی اوسط سے 538 رنز اسکور کیے ہیں۔