بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا شمار تینوں فارمیٹس کے ٹاپ بیٹسمین میں ہوتا ہے لیکن وہ اب بطور کپتان بھی بہت ریکارڈ اپنے نام کر رہے ہیں۔ بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ساؤتھ افریقہ کو باآسانی شکست سے دوچار کیا۔ اس فتح کے ساتھ ویرات کوہلی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بہترین کپتانوں کی فہرست میں آ گئے۔ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 29 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور وہ زیادہ ٹیسٹ میچوں میں فتح حاصل کرنے والے دنیا کے چھٹے کپتان بن گئے ہیں۔ 49 ٹیسٹ میچوں میں قیادت کے بعد کوہلی سب سے زیادہ میچز میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے والے تیسرے کپتان بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں صرف رکی پونٹنگ اور اسٹیو وا ان سے زیادہ ٹیسٹ فتوحات کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ویرات کوہلی ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے والے بھارتی کپتان بھی بن گئے ہیں۔