سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں نئی ٹیم مینجمنٹ نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو قومی ٹیم میں ایک بار پھر موقع دیا مگر دونوں ہی سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں ناکام ہوئے ہیں۔ عمر اکمل نے تین سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں اپنی واپسی کی تھی اور سری لنکا کے خلاف دونوں میچوں میں وہ پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب ٹیم میں واپسی کرنے والے اوپپنگ بیٹسمین احمد شہزاد بھی موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ احمد شہزاد نے پہلے میچ میں 9 گیندوں پر 4 رنز بنائے جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 16 گیندوں پر 13 رنز اسکور کیے۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو موقع دینا چاہتے تھے کیونکہ ان کی پرفارمنس اچھی تھی لیکن وہ ٹیم مینجمنٹ کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔