پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیکوچ مارک کولز گزشتہ دنوں اپنے عہدے سے دستبردار ہو گئے تھے اور یہ ذمہ داری اس وقت بیٹنگ کوچ اقبال امام کے سپرد کی گئی ہے۔ مارک کولز نے نجی مصروفیات کی وجہ سے عہدے سے علیحدگی کا اعلان کیا اور وہ آئندہ ہفتے اپنے ملک نیوزی لینڈ روانہ ہو جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ہیڈکوچ کے عہدے کے لیے اشتہار جاری کر دیا ہے۔ ہیڈکوچ کے عہدے کے لیے لیول ٹو کوچنگ کورس اور تین سال کا تجربہ لازم قرار دیا گیا ہے۔
قومی ویمن ٹیم کے ہیڈکوچ کے عہدے کے لیے 18 اکتوبر تک درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ پی سی بی کی کمیٹی امیدواروں کے انٹرویوز لینے کے بعد حتمی کوچ کا اعلان کرے گی۔