پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم کو شکست کے بعد شعیب اختر نے سرفراز احمد کو "کنفیوژڈ کپتان" قرار دے دیا۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد میدان میں پریشان نظر آتے ہیں۔ انہیں اپنی کپتانی سے زیادہ بیٹنگ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ سرفراز احمد کو میں دو سال سے کہہ رہا ہوں کہ اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کریں لیکن انہوں نے ان دو سال میں زیادہ بیٹنگ ہی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اوپر بیٹنگ کر رہے ہیں تو ان سے رنز اسکور نہیں ہو رہے جس وجہ سے ان پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ شعیب اختر نے مزید کہا کہ کپتان کو اپنا ایک نمبر سیٹ کرنا چاہیے اور مسلسل اسی نمبر پر بیٹنگ کریں جس سے ان کی فارم واپس آ جائے گی۔